حیدرآباد۔29 دسمبر (پریس نوٹ) بدشگونی یہ ایک شیطانی عمل ہے۔ اسلام کی بنیاد توحید پر ہے۔ اللہ توکل پر زندگی گزارنے والے بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوں گے۔ اللہ جسے چاہتا ہے ذلت اور جسے چاہتا ہے عزت عطا کرتا ہے۔ وقت تاریخ یا دن کو برا کہنا نحس قرار دینا شرک کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا یوسف پیرزادہ (خطیب مسجد فیصل سالم مانصاحب ٹینک) نے آج یونیورسل ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام محمود گلشن فنکشن ہال (بہادر پورہ) میں منعقدہ جلسہ بعنوان ’’ اصلاح معاشرہ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ نے فرمایا بدشگونی کرنا (بدشگونی والا عمل) اسلام میں شرک ہے۔ مولانا یوسف پیرزادہ نے کہا کہ دنیا میں کوئی طاقت کوئی چیز ایسی نہیں جو غیب کا علم رکھتی ہو۔ غیب کا حال صرف اور صرف اللہ ہی کو ہے۔ نفع ونقصان کا دینے والا اور رزق دینے کا
اختیار صرف اللہ ہی کو ہے۔ انہوں نے سورۂ آل عمران کی تلاوت وترجمہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ شیطان اور ان کے ساتھی ڈراتے ہیں دوسری غیبی طاقتوں سے جس کا کوئی وجود نہیں ہوتا اور مسلمان ان کے چکر میں آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان مرجانے کے بعد واپس نہیں آتا۔ دوسرے جنم کا تصور غیر مسلموں کے پاس ہے اور دین اسلام میں یہ تصور شرک کے سوا کچھ نہیں۔ مولانا یوسف پیرزادہ نے کہا کہ اللہ کے علاوہ دوسری غیبی طاقتوں سے ڈرانے کا رواج ہمارے معاشرہ میں عام ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ مشرکانہ عقائد سے اپنے آپ کو بچائے رکھیں۔ مولانا کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔ ابتداء میں داعی جلسہ عبدالرحیم خان‘ (صدر نشین ٹرسٹ) نے مہمانوں وشرکاء کا خیر مقدم کیا۔ جلسہ کی کارروائی جناب عبدالحلیم خان نے چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مسلمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔